صدرِ شعبۂ اُردو کا پیغام
اُردو پاکستان کی قومی زبان اور قومی وحدت کی علامت ہے، جو ملک کے ہر علاقے میں سمجھی، بولی، اور لکھی جاتی ہے۔ موجودہ دور میں اُردو کی مقبولیت میں بے حد اضافہ ہوا ہے، اور یہ ایک عالمی زبان کے طور پر ابھر چکی ہے، جس کے قارئین، سامعین، اور تخلیق کار دنیا بھر میں موجود ہیں۔ اس بڑھتی ہوئی قومی و بین الاقوامی اہمیت کے باعث اُردو زبان و ادب کی تدریس اور تحقیق کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔
شعبۂ اُردو، لاہور گیریژن یونیورسٹی، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ پر مشتمل ہے، جو تدریس، تحقیق، اور ادب کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ فیکلٹی طلبہ کو اُردو زبان و ادب کی جدید تحقیق اور بہترین علمی مواد سے مستفید کرنے میں مصروفِ عمل ہے، جو یونیورسٹی کے عزم اور مقاصد کی عکاسی کرتا ہے۔
شعبۂ اُردو کا عزم ہے کہ موجودہ برقی دور میں تدریس اور تحقیق کے ذریعے اُردو کی ترقی و ترویج کو فروغ دے اور یونیورسٹی کی نیک نامی میں اضافہ کرے۔
ڈاکٹر محمد ارشد اویسی
صدرِ شعبہ اُردو